کوئٹہ( صداقت نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جماعت 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے، این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے میں کسی بھی قسم کی کٹوتی اور وحدتوں کی تقسیم سے متعلق تمام تجاویز کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ ترجمان کے مطابق موجودہ صوبے محض انتظامی اکائیاں نہیں بلکہ تاریخی، ثقافتی اور قومی وحدتوں کی نمائندگی کرتے ہیں، اس لیے ان کے مستقبل سے متعلق فیصلے عوامی رائے اور تاریخی حقائق کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان اختیارات کی منصفانہ تقسیم اور صوبائی خودمختاری کے استحکام کی ایک اہم آئینی پیش رفت ہے، جسے کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش آئین کی روح کے منافی ہوگی۔
