تازہ ترین ۵ ستمبر ۲۰۲۶

نیشنل پارٹی بلوچستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی سوچ اور سیاسی جدوجہد کو فروغ دے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

تربت(ویب نیوز)نیشنل پارٹی کیچ کی ضلعی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ پارٹی کارکن ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی مفادات، قومی سیاست اور قومی سوچ کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بدامنی، سرحدی تجارت کی بندش اور قومی شاہراہوں کی رکاوٹ سمیت مختلف مسائل کا شکار ہے، جس سے عوام، کاروبار، تعلیم اور آمدورفت متاثر ہورہی ہے۔ نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے نئے صوبوں کے نام پر قومی وحدتوں کی تقسیم مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پالیسیاں ملک کو مزید کمزور کرسکتی ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں سرحدی تجارت فوری بحال کرنے اور عوام کی آمدورفت و روزگار میں رکاوٹ بننے والی غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوری اور پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور کارکن پارٹی کے سیاسی پروگرام اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں۔