مقامی ۲۴ ستمبر ۲۰۲۶

نیب بلوچستان کا الحمد اسلامک یونیورسٹی میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی سیمینار

کوئٹہ(ویب نیوز) قومی احتساب بیورو بلوچستان نے الحمد اسلامک یونیورسٹی سٹی کیمپس میں ’’نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کا کردار‘‘ کے موضوع پر سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر نیب بلوچستان محمد سلیم احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان اکبر، یونیورسٹی کے رجسٹرار اور اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان اکبر نے نیب کے طریقہ کار، وژن، مشن اور کارکردگی پر بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر نیب محمد سلیم احمد نے بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار اور خود احتسابی کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو بدعنوانی کی مختلف شکلیں قرار دیتے ہوئے طلباء پر معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن اور آگاہی واک بھی ہوئی جبکہ نیب بلوچستان کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔