پاکستان ۳۱ اگست ۲۰۲۶

نوکچاہ میں ریکوڈک منصوبے کے قافلے پر حملہ، 11 حملہ آور ہلاک، 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی

کوئٹہ (ویب نیوز) ضلع چاغی کے علاقے نوکچاہ میں ریکوڈک منصوبے کی خالی گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر مسلح افراد کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 11 حملہ آور ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق گاڑیوں کو سیکیورٹی حصار میں چاغی سے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ نوکچاہ کے مقام پر مسلح افراد نے قافلے کو نشانہ بنایا، جس پر فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران حملہ آوروں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جبکہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور دیگر ممکنہ حملہ آوروں و ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔