کوئٹہ (ویب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے سابق رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی کے والد نور احمد لہڑی کے مبینہ اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ان کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میر رحمت بلوچ، اسلم بلوچ، یاسمین لہڑی، کلثوم نیاز بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور عوام گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نور احمد لہڑی کو فوری بازیاب نہ کرایا گیا تو نیشنل پارٹی بھرپور احتجاج کرے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر حکومتی نااہلی اور انتظامی کمزوری کے باعث عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
