کوئٹہ(وېب نیوز) نواسہ رسول اکرم ﷺ، جگر گوشہ حضرت فاطمہ الزہرا، سید الشہداء حضرت امام حسینؓ اور 72 جانثار شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں چہلم آج منگل 4 اگست کو ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، اس موقع پر شہر کی مختلف امام بارگاہوں میں مجالس عزا، نوحہ خوانی، ماتم داری اور دیگر مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی جبکہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں سے برآمد ہوگا، مجالس میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسینؓ، اہل بیت اطہار اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں، صبر، استقامت اور حق و باطل کے معرکے پر روشنی ڈالیں گے، جلوس کے شرکاء کے لیے سبیلوں، پانی، شربت اور نذر و نیاز کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب چہلم کے موقع پر کوئٹہ شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ایف سی، بلوچستان پولیس، اے ٹی ایف، بی سی، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری امام بارگاہوں، جلوس کے راستوں اور حساس مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے، شہر بھر میں ناکہ بندیاں، اسنیپ چیکنگ، گاڑیوں اور مشکوک افراد کی تلاشی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ خواتین اہلکاروں کو بھی خصوصی ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے، پولیس حکام کے مطابق تمام افسران اور اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے گا۔
