تازہ ترین ۱۵ ستمبر ۲۰۲۶

نواب مگسی ریسٹ ہاؤس اور تھانہ کوٹڑہ پر مسلح افراد کا حملہ، 3 افراد جاں بحق

ڈیرہ مراد جمالی(ویب نیوز) ضلع جھل مگسی کے علاقے نفور میں نامعلوم مسلح افراد نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کے نجی ریسٹ ہاؤس اور پولیس تھانہ کوٹڑہ پر راکٹ لانچروں اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے نواب مگسی ریسٹ ہاؤس کو نشانہ بنایا جہاں موجود سکیورٹی گارڈز نے جوابی کارروائی کی، جبکہ حملے کے دوران راکٹ بھی داغے گئے۔ پولیس تھانہ کوٹڑہ پر بھی مسلح افراد اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ میر خالد حسین مگسی، میر جعفر خان مگسی اور مگسی قبیلے کے دیگر افراد موقع پر پہنچ گئے، جبکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ حکام کے مطابق علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے، اہم راستوں کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔