ژوب (ویب نیوز) مرکزی انجمن تاجران ژوب کے صدر باران خان کلیوال، جنرل سیکریٹری حاجی محمد دین خروٹی اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئے روز نئے ٹیکس نافذ کر کے عوام اور تاجر برادری کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے بینکوں سے رقم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس اور انکم ٹیکس کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ایسے ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ رہنماؤں نے بتایا کہ احتجاجاً ژوب کے تمام بینک بند رکھے گئے تھے اور خبردار کیا کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کوئٹہ۔ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر قائم مختلف ایف سی اور کسٹمز چیک پوسٹوں پر ٹرانسپورٹرز کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور غیرقانونی رقوم طلب کرنے کا بھی الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام فوری نوٹس لیں، بصورت دیگر تاجر اور ٹرانسپورٹر احتجاج، دھرنے اور دیگر آئینی و جمہوری اقدامات پر مجبور ہوں گے۔
