پاکستان ۳۰ ستمبر ۲۰۲۶

نئے این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ پہنچ گیا، این ایف سی سے جواب طلب

پشاور (ویب نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے نئے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے اجراء سے متعلق درخواست پر این ایف سی اور اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس اعجاز انور اور جسٹس کامران حیات میاں خیل پر مشتمل بینچ نے سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کے مؤقف پر استفسار کیا کہ فاٹا انضمام کے بعد صوبے کی آبادی میں اضافے کے تناظر میں نئے این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کو اس کا حصہ کیوں نہیں دیا گیا۔ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ فاٹا انضمام سے قبل این ایف سی ایوارڈ ہوا تھا اور اس کے بعد نیا ایوارڈ نہیں آیا، تاہم فاٹا انضمام کے وقت وفاقی حکومت نے وفاقی قابل تقسیم محاصل سے خیبرپختونخوا کو 3 فیصد فنڈ دینے کی منظوری دی تھی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے مؤقف اور این ایف سی سے جواب طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا، جبکہ کیس کی مزید سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔