پاکستان ۱۵ جولائی ۲۰۲۶

مولانا فضل الرحمان کے بیان کو بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، طارق فضل چوہدری

کوئٹہ (ویب نیوز) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا مولانا فضل الرحمان کے بیان کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم قومی سلامتی، مسلح افواج اور شہداء کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کو بنیاد بنا کر افواجِ پاکستان اور شہداء کے خلاف منفی مہم چلائی جا رہی ہے، جس سے دشمن کے میڈیا کو پاکستان مخالف بیانیہ مضبوط کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء اور سرحدوں پر ڈٹے جوان پوری قوم کا فخر ہیں اور وطن کے محافظوں کی قربانیوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔ طارق فضل چوہدری نے زور دیا کہ شہداء کے احترام اور دفاعِ وطن سے متعلق ایسا کوئی مؤقف اختیار نہیں ہونا چاہیے جس سے دشمن کو فائدہ پہنچے۔