اسلام آباد (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مذاکرات کے لیے گنجائش نہیں چھوڑی، حالانکہ سیاسی معاملات کا حل بات چیت اور سیاسی لب و لہجے میں ہونا چاہیے۔ اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں، تاہم جے یو آئی ان کا حصہ نہیں تھی اور اسے مذاکرات سے اختلاف بھی نہیں۔ انہوں نے ملک میں سیاسی طور پر میانہ روی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس کے لیے مختلف جماعتوں سے مشاورت کے بعد مشترکہ ایجنڈا اور حکمت عملی طے کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ آئین اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور تمام سیاسی قوتیں محب وطن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا سیاسی و جمہوری حق ہے، اس لیے اگر پی ٹی آئی اسلام آباد آکر احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتی ہے تو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔
