اسلام آباد (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) ملک میں براڈ بینڈ کے 97.25 فیصد صارفین موبائل فون کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کررہے ہیں جبکہ صرف 2.75 فیصد صارفین فکسڈ لائن انٹرنیٹ سے استفادہ کررہے ہیں۔ ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اختتام پر ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی مجموعی تعداد 16 کروڑ 40 لاکھ تھی، جن میں 15 کروڑ 95 لاکھ موبائل انٹرنیٹ صارفین جبکہ 45 لاکھ فکسڈ لائن صارفین شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات برس میں آپٹیکل فائبر کے ذریعے براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں 2780 فیصد اضافہ ہوا اور فائبر کنکشنز کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ کر 28 لاکھ 80 ہزار ہوگئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق موبائل انٹرنیٹ صارفین کو بعض اوقات رفتار اور رسائی کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے، جبکہ فکسڈ لائن انٹرنیٹ نسبتاً بہتر سروس فراہم کرتا ہے۔ فکسڈ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں کمی کی بڑی وجہ اخراجات ہیں، کیونکہ ایک گھر تک کیبل پہنچانے پر 60 ہزار سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک لاگت آتی ہے۔
