کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں۔ اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کرکے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ریاستی اداروں کے مضبوط عزم کی عکاس ہے، جبکہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے حکومت اور ریاستی ادارے پُرعزم ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ قدر ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور آخری دہشت گرد کے قلع قمع تک ریاستی اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
