پاکستان ۱۲ جون ۲۰۲۶

مری ایکسپریس وے حادثہ گاڑی میں آتشزدگی سے 10 مسافر جاں بحق، ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج

کوئٹہ (ویب نیوز)مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں 10 مسافروں کی ہلاکت کے بعد ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ موٹر وے پولیس کے ایک انسپکٹر کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل بالسبب، تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا کہ گاڑی پھسل کر نالے میں جا گری اور حفاظتی دیوار میں پھنس گئی، جس کے باعث دروازے نہ کھل سکے۔ بعد ازاں گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور مسافر بروقت باہر نہ نکل سکے، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 5 بچے بھی شامل تھے۔ مقدمے کے متن کے مطابق حادثے میں 7 بچوں سمیت 16 مسافر زخمی بھی ہوئے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے، جس کی تلاش جاری ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔