تازہ ترین ۴ جولائی ۲۰۲۶

مرکزی تنظیم تاجران کا پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں صرف 1.97 روپے فی لیٹر کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معمولی کمی سے نہ مہنگائی میں خاطر خواہ فرق پڑے گا اور نہ ہی عوام یا تاجر برادری کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے اس کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا۔ ان کے مطابق پٹرول کی قیمت کم از کم 250 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد غیر ضروری لیوی اور ٹیکسوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ کرایوں، اشیائے خورونوش، زرعی اخراجات اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی آئے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ حکومت کو نمائشی اقدامات کے بجائے عوام دوست فیصلے کرنے چاہئیں تاکہ مہنگائی کا بوجھ کم ہو، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہو۔