تازہ ترین ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کا مستونگ سے اغوا ہونے والے ڈرائیورز کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ

کوئٹہ(ویب نیوز)مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ سے اغوا ہونے والے نجی کمپنی کے دو ڈرائیورز کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں مغوی کوئٹہ۔کراچی شاہراہ پر محنت مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کرتے ہیں اور بھاری تاوان ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اس لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے لواحقین شدید ذہنی اذیت اور بے چینی کا شکار ہیں، جبکہ شاہراہوں پر بڑھتی بدامنی کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جس سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ کاشف حیدری نے وفاقی و صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ مغویوں کی جلد اور محفوظ بازیابی یقینی بنائی جائے اور شاہراہوں پر ڈرائیورز، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنا روزگار جاری رکھ سکیں۔