پاکستان ۶ اکتوبر ۲۰۲۶

محمد رضوان کی این سی سی آئی اے میں پیشی، اندرونی تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور (ویب نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور آفس میں پیشی کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رضوان کو انکوائری شروع ہونے سے قبل تقریباً دو گھنٹے انتظار کروایا گیا جبکہ انکوائری کا دورانیہ انتہائی مختصر رہا۔ محمد رضوان سے موبائل فون کے استعمال سے متعلق سوالات کیے گئے اور انہیں بتایا گیا کہ ان کا موبائل فون فارنزک کے لیے بھیجا گیا ہے، تاہم دورانِ انکوائری ان کی جانب سے پوچھے گئے بعض سوالات کے جوابات نہیں دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق رضوان کے سوالات کے جوابات جلد دینے کا عندیہ دیا گیا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں دوبارہ این سی سی آئی اے طلب کیا جا سکتا ہے۔ انکوائری خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ تحقیقات میں محمد رضوان اور امام الحق کے موبائل فونز میں موجود رابطوں، پیغامات، ملاقاتوں، طرزِ عمل اور مبینہ ڈریسنگ روم لیکس سے متعلق معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم کسی سازش، بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔