کوئٹہ(ویب نیوز) افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بےک کولوبایوف سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے سیاسی و اقتصادی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ افغان وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے، موجودہ معاہدوں پر عملدرآمد، نئے تعاون کے مواقع پیدا کرنے، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے اور باقاعدہ سیاسی روابط کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ متقی نے مشترکہ اقتصادی و تجارتی منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے افغانستان کی آمادگی کا اظہار کیا جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر کرغزستان کو اہم کامیابی قرار دیا۔ دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے اور موجودہ معاہدوں پر عملدرآمد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
