اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں تو حکومت پی ٹی آئی سے بات چیت کرے گی۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈھائی سال کی محنت اور ٹیم ورک سے ملکی معیشت کو مستحکم کیا گیا، تاہم احتجاج کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ کا شعبہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کا پہلا اثر معیشت پر پڑے گا اور ملکی ترقی کا پہیہ دوبارہ روکنا مناسب نہیں۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ احتجاج ختم کرے اور کہا کہ اس کے بعد حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
