کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعلیمی وژن کے تحت بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی جانب سے مستحق اور ذہین طلبہ و طالبات کو میرٹ اسکالرشپس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع لورالائی کے تعلیمی سال 2025-26 میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو میرٹ اسکالرشپس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ بی ای ای ایف کا مقصد باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مساوی مواقع اور مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے کہا کہ بی ای ای ایف میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر تعلیمی معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ مالی مشکلات کسی بھی ہونہار طالب علم کی تعلیم میں رکاوٹ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کی تعلیم، صلاحیتوں میں اضافے اور انسانی وسائل کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے، جبکہ بی ای ای ایف آئندہ بھی صوبے کے تمام اضلاع کے مستحق اور ذہین طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی اور معاونت جاری رکھے گا۔
