کوئٹہ (ویب نیوز): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو ایک کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے والی اسپین کی ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔ فیفا کے مطابق رنر اپ ارجنٹینا کو 3 کروڑ 30 لاکھ، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی انگلینڈ کو 2 کروڑ 90 لاکھ جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر انعام میں ملے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی گئی، جو 2022 ورلڈ کپ کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ فائنل کے اضافی وقت میں فیرن ٹوریس کے فیصلہ کن گول نے اسپین کو 16 برس بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنا دیا۔
