ریاض (ویب نیوز): سعودی عرب کے ایک حکومتی عہدیدار نے کہا ہے کہ حالیہ فضائی حملوں کا ہدف عراقی عوام یا حکومت نہیں بلکہ عراق میں سرگرم مسلح ملیشیا گروپوں کی عسکری صلاحیتیں تھیں۔ عرب میڈیا کے مطابق عہدیدار نے کہا کہ سعودی عرب برادر ملک عراق کی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم بعض مسلح گروہوں کی سرگرمیاں سعودی سلامتی اور اہم شہری و اقتصادی تنصیبات کے لیے خطرہ بن چکی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی کارروائیاں صرف ان ملیشیا کے عسکری گوداموں تک محدود رہیں جو مبینہ طور پر سعودی عرب کے خلاف حملوں میں استعمال ہو رہے تھے۔ سعودی عہدیدار کے مطابق یہ کارروائیاں طویل تحمل کے بعد کی گئیں اور ایسے گروہ نہ صرف عراق بلکہ پورے عرب اور اسلامی خطے کے مفادات اور باہمی تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
