تازہ ترین ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

فجر فائیو: آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگیں پہنچانے والا ایرانی راکٹ، جہاز رانی کو نیا خطرہ

کوئٹہ(ویب نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی میں ایک نئے مرحلے کے دوران ایرانی پاسداران انقلاب کے ایسے راکٹ لانچر امریکی حملے کا نشانہ بنے جن کے بارے میں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگیں پہنچانے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق 30 اگست کو جزیرۂ لارک کے قریب پاسداران انقلاب کے دو لانچروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اہلکار بحری بارودی سرنگوں سے لیس راکٹ فائر کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔ امریکی مؤقف کے مطابق اس نظام کے ذریعے کشتیوں یا بارودی سرنگیں بچھانے والے جہازوں کے بغیر خشکی سے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں پہنچائی جاسکتی ہیں۔ ایران نے اس کارروائی کے جواب میں اردن میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ فائرنگ اور جوابی حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے حملے سے دو روز قبل آبنائے ہرمز کی بین الاقوامی گزرگاہوں سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن چار ماہ جاری رہا اور اس میں غوطہ خوروں، روبوٹک کشتیوں اور بغیر پائلٹ زیرِ آب گاڑیوں کا استعمال کیا گیا۔