کوئٹہ (ویب نیوز): پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ عالیہ ریاض، ارم جاوید سمیت ٹیم سے باہر کیے گئے آٹھ کھلاڑیوں کے لیے قومی ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوئے اور وہ بہتر کارکردگی اور عمدہ فٹنس کی بنیاد پر دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ کراچی میں دورۂ سری لنکا سے قبل تربیتی کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی سے سبق سیکھتے ہوئے سری لنکا کے خلاف بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی فیلڈنگ، بیٹنگ، بولنگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جبکہ وہاب ریاض کی رہنمائی میں کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک کھیلی جائے گی۔
