راولپنڈی (ویب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی مسلسل حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن قائم ہوگا اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندوستان” کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت سے جاری رہیں گے، جبکہ پاکستان اور عوام کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسیز نے بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تاہم افواجِ پاکستان اپنے مضبوط اور فیصلہ کن ردعمل سے ان کے عزائم کو ناکام بنائیں گی۔ فیلڈ مارشل نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل اور محب وطن عوام سے مالا مال ہے، جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبے صوبے کی سماجی و معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے قومی اتحاد، استقامت اور خودمختاری کے لیے مشترکہ عزم پر بھی زور دیا۔
