پاکستان ۶ اکتوبر ۲۰۲۶

عمران خان کے لیے لندن سے ڈاکٹر بلایا گیا، پی ٹی آئی کے پی کے 5 اضلاع میں ایمرجنسی کے لیے تیار تھی: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے قانون کے مطابق لندن سے ڈاکٹر بلایا گیا تھا جبکہ انہیں شفا اسپتال منتقل کرنا کسی کی ضد نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع میں ایمرجنسی کی صورت حال کے لیے تیار تھی۔ سماء ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی سے لانگ مارچ ختم کرنے کا کہا تھا، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی راہ ہموار ہونے کی بات کی گئی تھی۔ ان کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات اس لیے کیے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پالیسی بنانا وفاقی حکومت کا اختیار ہے اور تمام اداروں کو اس کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلام آباد پہنچنے کی پوزیشن میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کو غیر آئینی طریقے سے تبدیل نہیں کرنا چاہتی اور مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں سے اچھے تعلقات ہیں اور حکومت نے کبھی نہیں چاہا کہ اس جماعت کے ساتھ دشمنی والا تعلق ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کا فیصلہ صدر اور وزیراعظم کا مشترکہ فیصلہ تھا۔