پاکستان ۸ جولائی ۲۰۲۶

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی پر عدالت نے جیل حکام سے رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد (ویب نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کے خلاف درخواستوں پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ قیدِ تنہائی اور جیل میں خلافِ قانون سلوک سے متعلق سنگین الزامات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، آئی جی جیل خانہ جات اور نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دونوں قیدیوں کی جیل میں موجود صورتحال، فراہم کی گئی سہولیات، مبینہ قیدِ تنہائی کی قانونی حیثیت، متعلقہ احکامات اور مکمل ریکارڈ آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ جیل حکام کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ کیس کی مزید سماعت 6 اگست کو ہوگی۔