پاکستان ۱۷ ستمبر ۲۰۲۶

سینیٹ کمیٹی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین پر سوالات

کوئٹہ(ویب نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے فارمولے پر سوالات اٹھا دیے گئے۔ سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں اس کا اثر نظر نہیں آ رہا اور مقامی تیل و گیس کی پیداوار کو موجودہ قیمتوں کے تعین میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن سے قیمتوں کے تعین کا تفصیلی تجزیہ طلب کرلیا۔ حکام نے بتایا کہ پاکستان اپنی ضرورت کا تقریباً 30 فیصد پیٹرول اور 70 فیصد ڈیزل مقامی طور پر تیار کرتا ہے، جبکہ خام تیل کی یومیہ مقامی پیداوار تقریباً 64 ہزار بیرل ہے۔ سینیٹر ہدایت اللّٰہ نے ڈیزل کی قیمت میں روزانہ اضافے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کا روزانہ ریٹ بڑھانا مناسب نہیں۔