کوئٹہ (ویب نیوز) عمان کے ساحل کے قریب پھنسے روسی خام تیل سے لدے تیل بردار جہاز ’’کیرولین بیزنگی‘‘ سے تیل کا اخراج تیز ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 390 مربع کلومیٹر یعنی 150 مربع میل سمندری علاقہ تیل سے متاثر ہوا ہے۔ عمانی حکومت کے مطابق تیل کا پھیلاؤ حلانیات جزائر کے شمال مشرقی حصے میں ہے اور ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ تیل اب ساحل سے تقریباً 7 کلومیٹر کے فاصلے پر رہ گیا ہے۔ حکام نے اخراج پر قابو پانے اور تیل کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ جہاز میں تقریباً 10 لاکھ بیرل روسی خام تیل موجود ہے جو ایشیا منتقل کیا جا رہا تھا۔ یہ جہاز جون میں یمن کے قریب مشکلات کا شکار ہونے کے بعد عمان کے حلانیات جزائر کے قریب پھنس گیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز میں دھماکہ بھی ہوا تھا تاہم کسی فریق نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حلانیات جزائر قدرتی حیات کے حوالے سے انتہائی اہم علاقہ ہے، جہاں مختلف سمندری اور جنگلی حیات پائی جاتی ہے، اس لیے تیل کے اخراج سے ماحول اور ابی حیات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ عمانی حکام نے متاثرہ سمندری علاقے اور قدرتی حیات پر ممکنہ اثرات کی نگرانی بھی شروع کردی ہے۔
