اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام کے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، جبکہ سی پیک دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور خوشحال و ترقی یافتہ مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان اب سی پیک کے اگلے مرحلے سی پیک 2.0 میں داخل ہو رہا ہے، جس میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس کا پہلا گروپ چین میں تربیت مکمل کرچکا ہے جبکہ مزید ایک ہزار افراد پر مشتمل گروپ چین جانے کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات ملکی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔
