کوئٹہ ( روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے ترجمان نے کچلاک کے شہدا، شہید ملک قاسم خان مہترزئی، شہید ملک محبت خان مہترزئی، شہید جمعہ خان لالا اور دیگر شہدائے وطن کو ان کی چودھویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لازوال قربانیاں پشتون قومی جدوجہد کا روشن باب ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں پشتون وطن ایک بار پھر بدامنی، دہشت گردی اور خونریزی کی لپیٹ میں ہے، جبکہ سانحہ زیارت اور سانحہ ہنہ اوڑک جیسے واقعات نے عوام میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ منظم مسلح گروہوں اور ڈیتھ اسکواڈز کی سرگرمیوں سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں اور پشتون وطن کے وسائل پر قبضے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہدائے کچلاک کے قومی، جمہوری اور آئینی مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا اور پشتون وطن میں امن، جمہوریت، انسانی حقوق، آئین کی بالادستی اور مقامی وسائل پر عوام کے حق کے لیے سیاسی و جمہوری جدوجہد بدستور جاری رہے گی۔
