پاکستان ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

سندھ بلوچستان کے آبی حصے کا شارٹ فال جلد ختم کرے گا، پارلیمانی کمیٹی کو یقین دہانی

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے سکھر میں موجود بلوچستان اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کے رکن حاجی محمد خان لہڑی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے نصیرآباد ڈویژن میں پانی کی صورتحال اور بلوچستان کے آبی حقوق پر تبادلہ خیال کیا۔ حاجی محمد خان لہڑی نے بتایا کہ سندھ کے محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس میں بلوچستان کے آبی حصے میں کمی کا معاملہ مؤثر انداز میں اٹھایا گیا، جس پر سندھ حکام نے شارٹ فال جلد ختم کرنے اور بلوچستان کو اس کا مقررہ پانی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر صوبائی حکومت کسانوں کے حقوق اور بلوچستان کے آئینی آبی حصے کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اقدامات کر رہی ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔