مقامی ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

سندھ بلوچستان کا پانی چوری کر رہا ہے، نصیرآباد کو صحرا بنایا جا رہا ہے، بی این پی کا الزام

اوستہ محمد (ویب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی میر عبدالروف مینگل نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ طویل عرصے سے بلوچستان کے حصے کا پانی چوری کر رہا ہے، جس کے باعث نصیرآباد ڈویژن بتدریج صحرا میں تبدیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سیاسی، معاشی، امن و امان اور بے روزگاری سمیت سنگین بحرانوں سے دوچار ہے، جبکہ خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی گرفتاریاں اور جبری گمشدگیاں بھی تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں ایک ہی جماعت کی حکومت ہونے کے باوجود کاشتکاروں کے مسائل حل نہیں کیے جا رہے۔ میر عبدالروف مینگل نے اعلان کیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم اور کاشتکاروں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور 18 جولائی کو سکھر بیراج پر ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔