کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ میں شہریوں کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے سریاب ریلوے اسٹیشن سے کچلاک تک پیپلز ٹرین چلانے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کے لیے تیار کی گئی نئی کوچز آئندہ تین سے چار روز میں کوئٹہ پہنچ جائیں گی، جس کے بعد آزمائشی مرحلہ مکمل کرکے سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ پیپلز ٹرین کا افتتاح وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، گورنر بلوچستان میر جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی مشترکہ طور پر کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے کوئٹہ اور مضافاتی علاقوں کے درمیان سفری سہولت بہتر، ٹریفک کا دباؤ کم اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی۔
