پاکستان ۳۱ اگست ۲۰۲۶

سرکاری و نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری سے معیشت پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھ سکتی ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام سے نمو کی جانب گامزن ہے اور حکومت برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں نجی شعبے کی شمولیت ضروری ہے، سرکاری اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری سے معیشت پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھ سکتی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال اقتصادی نمو کی شرح 3.7 فیصد رہی جبکہ رواں سال اس سے بہتر شرح نمو کی توقع ہے، مالی خسارہ 22 سال کی کم ترین سطح پر ہے اور گزشتہ سال جاری کھاتوں کا توازن بھی فاضل رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ، توانائی کی قیمتوں کو مسابقتی بنانے، ٹیکس سہولیات اور برآمد کنندگان کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کی بنیاد کو وسیع اور متنوع بنانے کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور چھوٹے برآمد کنندگان کو بھی سبسڈائز مالی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔