کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ان کی رہائش گاہ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر بی این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ، مرکزی سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ اور مرکزی سیکریٹری انسانی حقوق احمد نواز بلوچ بھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے وفد میں خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر و رکن قومی اسمبلی جنید اکبر، ایم این اے عادل بازیء، بلوچستان کے صوبائی صدر داد شاہ کاکڑ، ایم این اے صبغت اللہ خان، ایم این اے امجد خان، ایم این اے انور تاج، مرکزی رہنما صدیق خان ترین، صوبائی جنرل سیکریٹری بلوچستان میر جہانگیر رند، ضلع کوئٹہ کے صدر زین العابدین خلجی، ایڈووکیٹ سلام آغا، جان بلوچ، نور خان خلجی اور دیگر مرکزی و مقامی رہنما شامل تھے۔ ملاقات کے دوران سردار اختر جان مینگل اور پی ٹی آئی کی قیادت کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلوچستان کے اہم سیاسی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
