مقامی ۱۵ جولائی ۲۰۲۶

سانحہ زیارت کے متاثرین کے مطالبات پورے کیے جائیں گے، غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی نور محمد دمڑ

کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر خوراک اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ حکومت سانحہ زیارت کے متاثرین کے تمام جائز مطالبات پورے کرے گی اور واقعے میں غفلت برتنے والے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ قبائلی عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی زیارت کو معطل کر دیا ہے جبکہ شہداء کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ زیارت کے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، تاہم جاری دھرنے کو مختلف سیاسی جماعتوں نے سیاسی رنگ دے دیا ہے۔ نور محمد دمڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے۔