تازہ ترین ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

زیارت کے تاریخی صنوبر جنگلات کی کٹائی پر پشتونخوا نیپ کا شدید احتجاج، ایف سی سے وضاحت اور تحقیقات کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے زیارت کے تاریخی اور نایاب صنوبر کے جنگلات، خصوصاً خنڈی سر، پراسپیکٹ پوائنٹ اور گردونواح میں سیکورٹی کے نام پر مبینہ درختوں کی کٹائی پر شدید تشویش اور احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی اور متعلقہ اداروں سے فوری وضاحت طلب کی ہے۔ پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صنوبر کے یہ جنگلات قومی قدرتی ورثہ، ماحولیاتی شناخت اور آنے والی نسلوں کی امانت ہیں، جن کی تباہی ناقابلِ قبول ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ جنگلات کی کٹائی فوری طور پر روکی جائے، ایف سی، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ اداروں کے کردار کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، ماہرین اور مقامی نمائندوں پر مشتمل نگرانی کمیٹی قائم کی جائے اور زیارت کے صنوبر کے جنگلات کے تحفظ کے لیے خصوصی قانون سازی کی جائے، بصورت دیگر پارٹی ہر آئینی اور جمہوری فورم پر احتجاج اور عوامی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔