کوئٹہ(وېب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے سانحہ زیارت کے خلاف جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون اور بلوچ اس صوبے میں برابر اور سیال اقوام ہیں، اس لیے کسی بھی تنازع یا مسلح کارروائی میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنہ اوڑک اور زیارت جیسے واقعات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے ریاستی ادارے چلتے ہیں، اس لیے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ بھی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
