تازہ ترین ۵ ستمبر ۲۰۲۶

ریاست مخالف بیانیے اور دہشتگردی کی حمایت پر مقدمات و گرفتاریاں ہوں گی، وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ(ویب نیوز)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ریاست مخالف بیانیے اور دہشتگرد عناصر کی حمایت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف ریاست مخالف بیانیے اور دہشتگردوں کی حمایت کے الزام میں محکمہ انسداد دہشتگردی نے مقدمہ درج کیا اور ان کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی۔ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری کو حکومت اور سیاستدانوں پر تنقید یا اختلاف کا حق حاصل ہے، تاہم ریاست مخالف سرگرمیوں اور ملک دشمن عناصر کی حمایت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور قانون موجود ہے اور ملک توڑنے، سیکیورٹی فورسز، شہریوں یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محض تنقید یا سیاسی اختلاف کی بنیاد پر کسی کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔