ہٹیاں بالا/اسلام آباد (ویب نیوز): وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نام لیے بغیر ان کے نظام سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس سسٹم میں رہ کر انہوں نے 30 سال کا سفر صرف ساڑھے تین سال میں طے کیا، اب اسی نظام کو ناقابلِ عمل قرار دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے ہٹیاں بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوری نظام قائداعظم محمد علی جناح کا دیا ہوا نظام ہے اور اس میں اصلاحات آئینی و جمہوری طریقے سے ہونی چاہئیں۔ رانا ثناء اللہ نے بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم کے ووٹ فارم 47 کے تھے تو پھر صدر کے انتخاب کو کس بنیاد پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے براڈ پیک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خراب موسم کے باوجود لاپتا بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی تلاش اور ریسکیو کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
