کوئٹہ (ویب نیوز)مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ زیارت اور ہنہ اوڑک میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرکے تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، کیونکہ ان کے بقول ان واقعات کے پس پردہ موجود عناصر کو بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ مطالبہ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار ودان، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ زیرے، سید انور شاہ، جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کے مرکزی امیر مولانا عبدالقادر لونی اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک عادل بازئی نے زیارت کے شہداء کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت دھرنا کمیٹی کے پیش کردہ جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کرے، بصورت دیگر سیاسی جماعتیں اور دھرنا کمیٹی مشترکہ طور پر سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کریں گی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
