پاکستان ۶ اکتوبر ۲۰۲۶

دہشت گردی کے مسئلے پر مذاکرات ناکام ہوئے، ملاقات کے معاملے پر نہیں: عطا تارڑ

اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر ناکام نہیں ہوئے بلکہ اصل اختلاف دہشت گردی کے مسئلے پر ہوا۔ سماء ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ممکن ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروا دی جاتی، کیونکہ ملاقات کوئی بڑا مسئلہ نہیں، اصل مسئلہ دہشت گردی اور وہ ہزاروں افراد ہیں جو اس کے نتیجے میں جان سے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں روزانہ جانی نقصان ہو رہا ہے، صوبائی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر کردار اور ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت گزشتہ ساڑھے 13 سال سے دہشت گردی کے حوالے سے مطلوبہ اقدامات نہیں کر رہی۔ انہوں نے سوال کیا کہ صوبائی حکومت کو اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلانے سے کس نے روکا ہے؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ سہیل آفریدی سے بات آگے نہیں بڑھ سکی، جبکہ ان کے بقول وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور کابینہ کے ارکان کو مالی فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی حکومت کی شرائط مان لیتی تو بہتر ہوتا اور الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کو پاکستان سے زیادہ افغانستان عزیز ہے۔