تازہ ترین ۳۰ اگست ۲۰۲۶

دکی میں بارودی سرنگ دھماکا، تین سگے بھائی شہید، جے یو آئی کا کوئٹہ میں بدامنی پر اظہارِ تشویش

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی ضلعی مجلس عاملہ نے شہر اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے دکی لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں تین سگے بھائیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات، متاثرہ خاندان کو فوری مالی معاونت اور بارودی سرنگوں سے متاثرہ علاقوں کی فوری صفائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جے یو آئی ضلع کوئٹہ کے اجلاس کی صدارت ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق نے کی، جس میں تنظیمی کارکردگی اور ماتحت تحصیلوں و یونٹوں کا جائزہ لیا گیا، شرکاء نے کہا کہ کوئٹہ میں چوری، ڈکیتی، رہزنی، شہریوں کو نشانہ بنانے اور ٹارگٹ کلنگ کے مسلسل واقعات نے عوام کو خوف اور عدم تحفظ میں مبتلا کر دیا ہے، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن کی بحالی کے لیے ٹھوس حکمت عملی اختیار کریں، جبکہ پارٹی نے تنظیمی ذمہ داریوں میں غفلت برتنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کا فیصلہ بھی کیا اور ضلعی مجلس عمومی کا اجلاس 8 اکتوبر کو جامع مطلع العلوم میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں اضافہ عوام، مزدوروں، پولیس اہلکاروں اور سیاسی کارکنوں کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے، دکی اور ہرنائی کے کان کنی کے علاقوں میں محنت کش طبقہ بھی مسلسل خطرات سے دوچار ہے، حکومت بارودی سرنگوں سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرکے تربیت یافتہ ٹیموں کے ذریعے صفائی کرائے اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو قانون کے مطابق سزا دے، جبکہ شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کو فوری مالی و طبی امداد فراہم کی جائے۔