پاکستان ۱۰ جون ۲۰۲۶

دفاع کے لیے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(صداقت ویب سائٹ)قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں وفاق اور صوبوں کے درمیان کئی ہفتوں سے مشاورت جاری ہے اور وہ بھرپور تعاون پر تمام وزرائے اعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں نے عوامی مفاد اور معاشی ترقی کے لیے اہم قومی فیصلے کیے اور مشکلات کے باوجود سب نے مل کر پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کی۔ وزیراعظم کے مطابق انہوں نے گزشتہ رات آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے تفصیلی گفتگو کی، جس میں پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کو سراہا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا، برآمدات میں اضافہ، پیداواری صلاحیت بڑھانا اور معاشی استحکام حاصل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مزید وسائل درکار ہیں اور قوم و سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنا اور دفاع کے لیے فنڈز کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ قومی اتحاد و اتفاق دہشت گردی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔