پاکستان ۸ جولائی ۲۰۲۶

دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سازشوں سے مکمل باخبر ہیں، پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے: فیلڈ مارشل

اسلام آباد (ویب نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی تمام سازشوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور پاکستان کے داخلی امن، استحکام اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی جنگی صورتحال کے تناظر میں واضح اسٹریٹجک سوچ، ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید آپریشنل حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی مستقبل کی عسکری و سول قیادت کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جبکہ افواج پاکستان جنگ کی نئی نوعیت کے مطابق اپنی صلاحیتوں اور حکمت عملی کو مسلسل ہم آہنگ بنا رہی ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن کے حمایت یافتہ نیٹ ورکس، پراکسی عناصر اور سرحد پار سے جنم لینے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی، جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیت سے جیتی جاتی ہیں، اور افواج پاکستان اپنی مکمل آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کے ساتھ قومی دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔