کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے دشت کے علاقے کھنڈ میں کراچی سے آنے والے سیاح خاندان پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امن و امان کی خراب صورتحال اور حکومتی ناکامی کا ثبوت قرار دیا ہے۔ پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں خاندان کے سربراہ علی جمیل جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئیں، جبکہ دو بچے محفوظ رہے۔ بیان کے مطابق اگر گوگل میپس کی رہنمائی پر سفر کرنے والے شہری بھی محفوظ نہیں تو یہ ریاستی سکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے، قومی شاہراہوں پر سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ پارٹی نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمی خاتون کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
