تازہ ترین ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

دشت میں زرعی انکم ٹیکس وصولی پر اجلاس، اسسٹنٹ کمشنر نے بھتہ وصولی کے الزام کی تردید کردی

کوئٹہ (ویب نیوز)دشت میں ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر دشت جاوید احمد سمالانی کی زیرِ صدارت زمینداروں کے ساتھ زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس کی بروقت ادائیگی، زمینداروں کے مسائل اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں انتظامیہ کے افسران، پولیس حکام اور زمینداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے زمینداروں سے واجبات بروقت جمع کرانے اور ریونیو حکام کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر جاوید احمد سمالانی نے زمینداروں سے بھتہ وصولی سے متعلق شائع ہونے والی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان اور کمشنر کوئٹہ کی ہدایات کے مطابق صرف زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ٹیکس وصولی کے عمل کو مؤثر، شفاف اور بروقت بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔