ژوب (ویب نیوز) دانہ سر بس حادثے کے ایک زخمی مسافر نے دعویٰ کیا ہے کہ حادثے سے قبل بس کے ڈرائیور اور بعض مسافروں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا، جس کے بعد ڈرائیور نے مبینہ طور پر غصے میں گاڑی کا رخ گہری کھائی کی جانب موڑ دیا۔ زخمی مسافر کے مطابق بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی اور اس میں 49 افراد، جن میں 45 مسافر، دو ڈرائیور اور دو کنڈیکٹر شامل تھے، سوار تھے۔ اس نے مزید دعویٰ کیا کہ ایک چیک پوسٹ پر ایف سی کی جانب سے ایرانی ڈیزل اور دیگر سامان ضبط کیے جانے کے بعد ڈرائیور شدید غصے میں تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمی مسافر کا بیان تحقیقات کا حصہ ہے، تاہم حادثے کی اصل وجوہات کا تعین مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے بعد ہی کیا جائے گا۔
