پاکستان ۲ اگست ۲۰۲۶

خواجہ آصف نے محسن نقوی کو نظام میں اصلاحات کا آغاز نیشنل ایکشن پلان سے کرنے کا مشورہ دے دیا

اسلام آباد (ویب نیوز): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نظام سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر ان کی بعض باتوں سے اتفاق کرتے ہیں، تاہم اگر نظام میں بنیادی تبدیلی لانی ہے تو اس کا آئینی فورم پارلیمنٹ اور وفاقی کابینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی گزشتہ ساڑھے تین سال سے اہم سرکاری عہدوں پر فائز ہیں اور چاہتے تو اس عرصے میں اصلاحات کے لیے عملی پیش رفت کر سکتے تھے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور کابینہ کو غیر مؤثر بنا کر باہر ایسی اہم گفتگو مطلوبہ اثر پیدا نہیں کرتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 13 نکات میں سے فوج نے اپنے حصے پر قربانیوں کے ساتھ عمل کیا، جبکہ باقی نکات وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہیں، اس لیے نظام میں تبدیلی کا آغاز نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد سے ہونا چاہیے۔